کراچی میں دھماکا، متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع
اطلاعات کے مطابق دھماکا علاقہ میں موجود محکمہ پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے دفتر میں ہوا جہاں دہشت گردی کی کئی حالیہ وارداتوں میں ملوث ملزمان قید تھے۔
کراچی کے مرکزی علاقے پی آئی ڈی سی میں قائم ایک حساس ادارے کے دفتر میں ہونے والے شدید دھماکے میں کئی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
پی آئی ڈی سی کا علاقہ شہر کا مرکزی اور حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس، فائیو اسٹار ہوٹلز اور کلبز، کئی ممالک کے قونصل خانے اور ملکی و غیر ملکی کمپنیز کے دفاتر واقع ہیں۔ علاقے کو ریڈ زون کا درجہ حاصل ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا علاقہ میں موجود محکمہ پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے دفتر میں ہوا جہاں دہشت گردی کی کئی حالیہ وارداتوں میں ملوث ملزمان قید تھے۔ سی آئی ڈی نے مذکورہ ملزمان کی گرفتاری گزشتہ روز ظاہر کی تھی اور انہیں سی آئی ڈی کے دفتر میں تفتیش کیلئے رکھا گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا جس سے سی آئی ڈی کی کئی منزلہ بلڈنگ اور دیگر متصلہ عمارات کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کی شدت سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور کئی عمارات کے شیشے ٹوٹ گئے۔
علاقے کو پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے گھیر رکھا ہے اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں